|Gilgit Urdu News|myGilgit.com|

نومبر 11, 2009

شگر، گلتری، کھرمنگ کوضلع بنانے کااعلان

Filed under: Gilgit News — mygilgit @ 7:07 شام

سکردو(کے ٹو) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ملک کو درپیش گھمبیر چیلنجوں سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفاہمت کی سیاست کو آگے لے کر چلیں گے‘ گلگت بلتستان کے عوام کو شناخت دیدی گئی ہے‘ پاکستان پیپلز پارٹی ایک تحریک اور مشن کا نام ہے‘ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں‘ ہم نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے اور عوام کو اپنے منشور کے مطابق بااختیار بنائیں گے۔ وہ منگل کو تاریخی پولیس گراﺅنڈ میں گلگت بلتستان کی پہلی قانون ساز اسمبلی کے پہلے عام انتخابات کی انتخابی مہم کے آخری روز ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ گلگت بلتستان کے گورنر قمر زمان کائرہ‘ پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر زمرد خان‘ گلگت بلتستان سے پاکستان پیپلز پارٹی‘ پی ایس ایف اور پی وائی او کی قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر سکردو کو بگ سٹی کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے گلگت بلتستان کے لئے اس علاقے کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکج دیا ہے۔ وزیراعظم نے گلگت بلتستان میں شفاف‘ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات منعقد کرانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو سیاسی جماعتیں 2008ءکے عام انتخابات میں بھی حصہ نہیں لے سکی تھیں وہ بھی ان انتخابات میں حصہ لے رہی ہےں جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک تحریک اور مشن کا نام ہے‘ شہید ذوالفقار بھٹو کا وژن تھا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں‘ ہم نے ہمیشہ عوام کے حقوق اور ان کی آزادی کے لئے جدوجہد کی ہے۔ ذوالفقار بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو نے عوام کے حقوق کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا اور ان کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ہم عوام کے حقوق کی جنگ جاری رکھیں گے اور عوام کو بااختیار بنائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شمالی علاقہ جات کو گلگت بلتستان کا نام دے کر اس علاقے کے عوام کو شناخت دی گئی ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان انتخابات کے بعد علاقے کے عوام اپنی حکومت اور اپنی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اپنے علاقے کی ترقی کے لئے اقدامات کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس علاقے کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ سکردو کو ڈویژن کا درجہ دیا جائے جو پورا کردیا گیا ہے۔ طلبہ کی سہولت کے لئے 33 بسیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ ہدف 100بسوں کی فراہمی کا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر 200 سکول اور 100 ڈسپنسریاں کھولنے‘ گریڈ ایک سے 15 تک کے سرکاری ملازمین کو پہاڑی الاﺅنس دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکردو ایئرپورٹ کو عالمی معیار کا حامل ہوائی اڈہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے گلگت بلتستان پولیس کو اسلام آباد پولیس کے برابر تنخواہیں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مقامی پولیس میں پانچ ہزار نئی بھرتیاں کی جائیں گی جن کے لئے ہر ضلع کا مخصوص کوٹہ ہوگا۔ انہوں نے علاقے میں کم از کم اجرت 6 ہزار روپے مقرر کرنے‘ بیت المال کا ریجنل آفس جلد سے جلد کھولنے اور ہر ضلع میں کم سن یتیم بچوں کے لئے سویٹ ہوم قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں 40 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہے اور یہاں پر دیامر اور بونجی ڈیموں پر کام جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا جن کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری بھی ہوگی جبکہ ہائیڈل کے دیگر منصوبوں پر 5 کروڑ روپے سے زائد خرچ ہونگے۔ انہوں نے وزارت امور نوجوانان کو ہدایت کی کہ بیروزگاری کے خاتمے کی سکیم میں گلگت بلتستان کو بھی شامل کیا جائے اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شگر۔گلتری۔کھرمنگ کو ضلع بنانے کا کیس جلد بھیجا جائے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر غذر کے علاقے پھنڈر اور گلگت کے علاقے دینیور کو تحصیل کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ علاقے میں جاری تعلیم اور صحت کے منصوبوں پر تین ارب روپے لاگت آئے گی اور اگر مزید درکار ہوئے تو وہ بھی فراہم کریں گے۔ انہوں نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ مکمل شدہ منصوبوں کا پی سی فور فوراً منظور کیا جائے تاکہ لوگوں کو روزگار ملے۔ انہوں نے انتظامیہ سے کہا کہ لوگوں کی مقبوضہ اراضی ان کے نام منتقل کرنے کا کیس بھجوایا جائے۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ امیدوار کامیاب ہو کر عوام کو گڈ گورننس فراہم کریں گے۔ انہوں نے ملک کو درپیش گھمبیر چیلنجوں سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت مفاہمت کی سیاست کو آگے لے کر چلے گی۔ اس حوالے سے انہوں نے اپنے ہمراہ آئے ہوئے جے یو آئی کے رہنما مولانا فضل الرحمن کا بھی ذکر کیا جن کی جماعت کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر رکھی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یہاں آکر ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ وہ اپنے ہی گھر میں ہیں۔ جلسے میں سکردو شہر کے علاوہ دور دراز کے علاقوں سے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کے قافلے کا پرتپاک خیر مقدم کیا

Leave a Comment »

ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں.

RSS feed for comments on this post. TrackBack URI

جواب دیں

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

آپ اپنے WordPress.com اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ Log Out / تبدیل کریں )

Twitter picture

آپ اپنے Twitter اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ Log Out / تبدیل کریں )

Facebook photo

آپ اپنے Facebook اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ Log Out / تبدیل کریں )

Google+ photo

آپ اپنے Google+ اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ Log Out / تبدیل کریں )

Connecting to %s

Create a free website or blog at WordPress.com.

%d bloggers like this: